سعودی عرب کے وزیرخارجہ عادالجبیر نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے حل سلسلے میں پیش کردہ عرب ممالک کا امن فارمولہ کسی صورت میں تبدیل نہیں ہوسکتا ہے۔ عرب امن فارمولہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کا بہترین راستہ ہے اور اس میں قضیے کے تمام پہلوؤں کے حل کا احاطہ کیاگیا ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فرانس کی میزبانی میں منعقدہ عالمی امن کانفرنس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیرخارجہ نے کہا کہ عرب ممالک کا امن فارمولہ مسئلہ فلسطین کے حل کا مثالی فارمولہ اور دستیاب حالات میں بہترین آپشن ہے۔عادل الجبیر نے جمعے کے روز کہا
ہے کہ 2002 کا عرب امن منصوبہ ابھی تک فلسطینی اسرائیلی بحران کے تصفیے کے لیے بہترین پیش کش ہے۔پیرس میں مشرق وسطی امن بات چیت میں پیش رفت کے لیے منعقد کی جانے والی بین الاقوامی کانفرنس میں سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عرب امن منصوبے میں کسی قسم کی تخفیف یا ترمیم نہیں کی جاسکتی۔ادھر فرانسیسی صدر فرنسوا اولاند نے جمعے کے روز اعلان کیا ہے کہ اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان امن عمل کو “پورے خطے” میں سامنے آنے والی “بڑی تبدیلیوں” کے تناظر میں لیا جانا چاہیے۔ ساتھ ہی انہوں نے زور دیا کہ امن کے واسطے “دلیرانہ آپشن” فلسطینیوں اور اسرائیلیوں سے وابستہ ہے۔